بہاولپور، دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے میاں بیوی اور بچہ جاں بحق ،ایک بچی زخمی


 بہاولپور(صباح نیوز) بہاولپورمیں قلعہ دیراوڑ میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے میاں بیوی بچے سمیت جاں بحق اور ایک بچی زخمی ہوگئی، پولیس نے کہا کہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔بہاولپور کے علاقے قلعہ دیراوڑ میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ٹی ایچ کو یزمان منتقل کردیا گیا۔

متقولین کے لواحقین کا بیان ہے کہ ڈاکو گھر میں داخل ہوئے تو گھر کے سربراہ نے مزاحمت کی جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں گھر میں موجود میاں بیوی اور ان کا ایک بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ ایک 7 سالہ بچی کی ٹانگ میں گولی لگی جسے شدید زخمی حالت میں ہسپتا ل منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب پولیس حکام نے کہا کہ ابھی واضح نہیں ہوا گھر میں ڈکیتی ہوئی ہے، نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے تاہم ڈی پی او نے ملزمان کی گرفتاری کے لئے سپیشل ٹیم تشکیل دے دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔