مظفرآباد(صباح نیوز)وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی تجویز پر ریاست کے مایہ ناز طبیب ، معالج سابق سرجن جنرل ، سابق سیکرٹری حکومت اور جامعہ کشمیر کے موجودہ ڈین ہیلتھ اینڈمیڈیکل سائنسزڈاکٹر بشیر الرحمان کنٹھ کے نام پر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں کالج آف نرسنگ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی صدارت میں ہونے والے یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل کے تیسویں اجلاس میں کیا گیاجس میں ڈاکٹر بشیرالرحمان کنٹھ آزادریاست جموںوکشمیر میں طب کے شعبہ میں دیرینہ خدمات اور اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے ساتھ وابستہ ہوکر الائیڈہیلتھ سائنسز کے شعبہ میں ریاست کے نوجوان بچوں اور بچیوں کو طب کی جدید تعلیم وتربیت دینے کا بیڑہ اٹھانے کے اعتراف میں کیا گیا۔ جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اکیڈمک کونسل نے کالج آف نرسنگ کے قیام کے علاوہ شعبہ فارمیسی کے آغاز سمیت ،مختلف شعبہ جات میں ایم فل اور پی ایچ ڈی کے خواہشمند سکالرز کے لیے ایوننگ کلاسز کے اجراء کی منظوری دے دی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی کی صدارت میں اکیڈمک کونسل کا تیسواں اجلاس سٹی کیمپس میں گزشتہ روز منعقد ہوا جس میںمختلف تعلیمی پروگرامز، پالیسیوںکے نفاذ ،مختلف شعبوں کے اجراء سمیت کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی ہے۔اجلاس میں جامعہ کشمیراور ریاست کے مختلف تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے اکیڈمک کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔دوران اجلاس کل 32ایجنڈا آئیٹمز پر ممبران نے تفصیلی بحث کی جن میںلیٹرل انٹری(ففتھ سمسٹر) کی منظوری،مالیات اور منصوبہ بندی کمیٹی کے ممبران کی منظوری،ڈیپارٹمنٹ آف فارماسیوٹیکل اینڈ کالج آف نرسنگ کے قیام کی منظوری،قرآنی تعلیمات اور سیرت النبی ۖ کے کورسز کے اجراء کی منظوری،ایم فل پی ایچ ڈی ایوننگ پروگرامز کے اجراء ،ملازمین کی ایم فل پی ایچ ڈی پروگرامز میں داخلہ کے لیے عدم اعتراض سرٹیفکیٹس کے حصول کے طریقہ کار،فیس اینڈ فنڈ کمیٹی کے ممبران کی منظوری،مختلف اوقات میں ہائیرایجوکیشن کمیشن سے جاری ہونے والی پالیسز کے نفاذ،جامعہ کے اساتذہ،سٹاف اور طلباء کے میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال کی پالیسی سمیت مختلف کمیٹیوں کی تشکیل اور پالیسیوں کے نفاذکی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے دو ٹوک الفاظ میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی میں ہر قسم کی تعیناتی اور ترقیابیاں میرٹ کی بنیاد پر پہلے بھی کیں ہیں اور آئیندہ بھی میرٹ اور رول آ ف لاء پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ اُنہوں نے فیکلٹی ممبران پر زور دیا کہ وہ طلباء اور آنے والے اساتذہ کے لیے بہتر اور سازگارماحول کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جامعہ کشمیر کو بہترین اور اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی میسر ہے اور ہمیں بجا طور پر فیکلٹی سے توقع ہیکہ وہ معیار تعلیم کی بہتری اور جامعہ کشمیر کی ترقی کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کارلاتے ہوئے ریاست میں علم دوست ماحول کے فروغ کے لیے اپنا کردار اداکرے گی۔قبل ازیں رجسٹرارجامعہ کشمیرپروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے اکیڈمک کونسل کے تیسویں اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا جبکہ ڈائریکٹر فنانس ڈاکٹر بلال احمد عباسی نے اکیڈمک کونسل کے ممبران کو جامعہ کی مالی صورتحال پر مفصل بریفنگ دی۔