لاہور (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام 27 مستحق فیملیوں میں جہیز بکس تقسیم کر دئیے گئے۔جہیز بکس تقسیم تقریب کا انعقاد کرامت کالونی کمیونٹی سینٹر میں ہوا۔جہیز گفٹس میں دولہا ،دلہن کے کپڑے،جیولری بکس، میک اپ کا سامان،بستر،واٹر کولر، ٹرنک، ڈنر سیٹ اور کچن کے سامان سمیت بنیادی ضرورت کی دیگر اشیاء شامل ہیں۔
اس موقع پر انچارج شادی پراجیکٹ رخسانہ ارشدنے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خوش قسمت ہیں کہ اپنی بچیوں کے ہاتھ پیلے کر کے زندگی کے ایک اہم فریضہ کو انجام دے رہی ہیں۔نکاح کی شرعی حیثیت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نکاح کی اسلام اور ہمارے معاشرے میں بہت اہمیت ہے۔بنیادی طور پر نکاح کسی بھی معاشرے کو بے راہ روی سے روکنے کا بہترین طریقہ ہے،نبیۖ نے فرمایا نکاح کرنا میری سنت ہے جو مسلمانوں اور پوری دنیا کے لئے مشعل راہ ہے۔ ایک حدیث میں نکاح کو آدھے ایمان کے برابر قرار دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں یہ تاثر عام ہے کہ شادی کے بعد اخراجات بڑھ جاتے ہیں جبکہ اللہ کے نبیۖ نے نکاح کو برکت کا زریعہ قرار دیا ہے۔