جماعت اسلامی کا نصب العین، ملک میں اسلامی نظام قیام ہے،امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا نصب العین، ملک میں اسلامی نظام قیام ہے۔ ہم ایسا نظام چاہتے ہیں جس کے ذریعے ریاست، قانون، عدالت، معیشت، معاشرہ اور خاندان اللہ اور اس کے رسولۖ کے تابع ہو جائیں۔

اقامت دین سے ہی انسانوں کی دنیاوی و اخروی فلاح ممکن ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

امیر العظیم نے کہا کہ بانیٔ جماعت اسلامی مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودینے نئے عزم کے ساتھ لوگوں کو اقامت دین قائم کرنے کا نصب العین سمجھایا کیوںکہ اسلامی نظام صرف، نماز، روزہ، زکوٰة، حج یا منبر تک نہیں بلکہ ایک فرد کے عقائد سے لے کر قوم، ریاست، ملک اور آئین کے عقائد سے ملتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری منزل اقامت دین ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج اسلامی جمہوریہ پاکستان میں حکمران قرآن و سنت کے نظام سے بغاوت کرتے نظر آتے ہیں۔ سود حرام ہے، لیکن ملکی معیشت کو سود کی لعنت سے لبریز کر دیا گیا ہے اور دیگرمتعدد قوانین بھی قرآن و سنت سے متصادم ہیں، لیکن حکومتیں ان کو سپورٹ کرنے میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ان شاء اللہ پاکستان کو اسلام اور ترقی کا گہوارہ بنائے گی۔