غزہ(صباح نیوز) اسرائیل پر گزشتہ روز حماس کے اچانک حملے کے بعد صیہونی فورسز اور حماس کے درمیان جنگ میں شدت آگئی ہے ۔ حماس نے ایک اسرائیلی ملٹری سائٹ پر قبضہ کر کے حماس کا جھنڈا لہرا دیا ہے ۔ حماس زرائع کے مطابق حماس کے القسام بریگیڈ نے اسرائیل کی کسوفیم ملٹری سائٹ کا کنٹرول سنبھال کر اس پر حماس کا جھنڈا لہرا دیا۔ عالمی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ریاست کے اندر 22 مقامات پر لڑائی جاری ہے۔
آٹھ مقامات میں شدید لڑائی جاری ہے جہاں ‘حماس سے اسرائیلی علاقوں اور لوگوں کا کنٹرول واپس لینے کی کوششیں ہو رہی ہیں،نیز فلسطینی مزاحمت کاروں نے کئی اسرائیلی یہودی بستیوں کے اندر کئی افراد کو یرغمال بنا رکھا ہے، جن کی حالت خطرناک بتائی جاتی ہے۔ بی بی سی کے مطابق ترکی میں اسرائیلی سفارت خانے نے اسرائیلی وزارت صحت کے حوالے سے بتایا ہے کہ کم از کم 300 اسرائیلی ہلاک اور درجنوں افراد کو اغوا کیا گیا ہے۔ہسپتالوں میں تقریبا 2000 افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 19 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔فلسطین کی وزارت صحت نے کل سے غزہ میں مارے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد 313 اور زخمیوں کی تعداد 2000 بتائی ہے۔