پاکستان کا ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز، نیدر لینڈز کو 81 رنز سے شکست


حیدر آبادانڈیا (صباح نیوز)آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیدر لینڈز کو 81 رنز سے شکست دے دی۔

بھارتی شہر حیدر آباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہونیوالے ورلڈ کپ 2023 کے دوسرے میچ میں نیدر لینڈز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 49 ویں اوورز میں 286 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ 287 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدر لینڈز کی پوری ٹیم 41 اوورز میں 205 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے حارث روف نے 3، حسن علی نے 2 ، جبکہ شاداب خان، افتخار احمد، محمد نواز اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیدر لینڈز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گرگئی جب میکس ڈاڈ5 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے جبکہ دوسری وکٹ مجموعی 50 سکور پر گری جب کولن ایکرمین 17 رنز بناکر افتخار احمد کا شکار بنے۔نیدرلینڈز کے وکرم جیت سنگھ 52 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے،تیجا ندامانورو 5، نیدر لینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز بغیر کوئی رنز بنا کر آوٹ ہوگئے۔ باس ڈی لیڈے نے پاکستان کیخلاف نمایاں اننگز کھیلی تاہم 67 رنز پر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے ثاقب ذوالفقار 10رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 3.4 اوورز میں پاکستان کی پہلی وکٹ 15 رنز پر گر گئی جبکہ فخر زمان ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔کپتان بابر اعظم ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے اور 5 رنز پر آوٹ ہوگئے، امام الحق بھی زیادہ دیر پچ پر ٹھہر نہ سکے اور 15 سکور پر پویلین کی راہ لی۔ قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ناکام ہونے کے بعد محمد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سنبھالا، سعود شکیل نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 32 گیندوں پر شاندار ففٹی مکمل کی جبکہ محمد رضوان نے 6 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کیے۔سعود شکیل اور محمد رضوان 68،68 رنز بنا کر پویلین لوٹے، افتخار احمد 9، شاداب خان 32، محمد نواز 39 جبکہ حسن علی بغیر کوئی سکور بنائے آوٹ ہوگئے۔نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے 4 ، کولن ایکرمین نے 2 جبکہ وین بیک، پال وین میکرین اور آرین دت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز احمدآباد میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو بآسانی 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔۔