سازش کے تحت معیشت تباہ کی جارہی ہے،ذکراللہ مجاہد


لاہور( صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ سازش کے تحت معیشت تباہ کی جارہی ہے، معمولی آمدن والے لوگوں کے لئے بے پناہ مہنگائی ظلم ہے ۔ظلم کو ختم کرنا ہو تو ظالم سے ٹکرانا پڑتا ہے اس کے خلاف آواز بلند کرنا پڑتی ہے۔مسلسل جدوجہد سے ناممکن کو بھی ممکن بنایا جاسکتاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جماعت اسلامی کے رہنما  قاضی حسین احمد کے دیرینہ ساتھی چوہدری اصغرعلی کے پوتے اور حافظ عبدالرحمان کے بیٹے کی دعوت عقیقہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دعوت عقیقہ میں سابق ایم پی اے چوہدی شوکت ،جماعت اسلامی علاقہ شمالی کے امیرسیف الرحمان،قیم علاقہ شمالی عثمان افضل،پولیس افسراسد بشیر گجر سمیت معزیزین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

میاں ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی نے جو تحریک شروع کی تھی اس نے تمام اپوزیشن جماعتوں کو مہنگائی کے خلاف نکلنے پر مجبور کردیا۔موجودہ حکومت نے صرف تین سالوں میں اس سے زائد قرض لے لیا جتنا سابق تمام حکومتوں نے 70سال میں لیا۔پاکستان میں پیدا ہونے والا ہر بچہ2لاکھ کا مقروض پیدا ہو رہا ہے جن لوگوںکوٹیکس دینا چاہئے وہ نہیںدیتے جن کو امداد دینے کی ضرورت ہے ٹیکسوں کی بھرمار سے ان کاخون نچوڑا جارہا ہے۔محل نما گھروں میں رہنے والے حکمرانو ں کو آٹے دال کا بھائو معلوم نہیں۔ سازش کے تحت معیشت تباہ کی جارہی ہے۔ان تمام مسائل کا حل صرف اور صرف اسلامی نظام ہے جس کیلئے جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے۔