ورلڈ کپ سے قبل حیدر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود گندگی کی تصاویر پر بھارت تنقید کی زد میں


نئی دہلی (صباح نیوز)مردوں کا آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ 2023 کل سے بھارت میں شروع ہورہا ہے ۔تاہم گندگی سے بھرے بھارتی کرکٹ اسٹیڈیم خصوصا وارم اپ میچوں کے دوران حیدر آباد اسٹیڈیم میں شائقین کیلئے سہولتوں کے فقدان خصوصا سیٹوں پر موجود پرندوں کی گندگی کی موجودگی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تنقید کی جارہی ہے ۔

سوشل میڈیا پر آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان وارم اپ میچ کے دوران حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی کئی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئیں۔سوشل میڈیاصارفین کا کہنا تھا کہ کہ ورلڈ کپ کیلئے اسٹیڈیم میں کچھ زیادہ نہیں تبدیلیاں نہیں کی گئی ہیں ۔ورلڈ کپ کے میچ بھارت کے شمال میں دھرم شالہ سے جنوب میں بنگلورو اور چنئی تک10شہروں میں شیڈول ہیں ۔ حیدرآباد میں کل تین میچز کھیلے جانے ہیں تاہم اپل اسٹیڈیم میں نشستوں پر پربندوں کی گندگی سمیت افسوسناک صورتحال بورڈ آف کرکٹ کنٹرول ان انڈیا کیلئے بڑے سر درد کا باعث بن سکتی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اسٹیڈیم کی تصاویر کے ساتھ تنقید کرتے ہوئے اپنے پیغامات میں لکھا کہ اسٹیڈیم میں شائقین کیلئے سہولیات کا فقدان اور تمام نشستوں پر پھیلی پرندوں کی گندگی بھارت کیلئے بدنامی کا باعث ہے ۔حیدرآباد میں ورلڈ کپ کے تین میچوں شیڈول ہیں جبکہ اسٹیڈیم میں 2 وارم اپ میچزبھی کھیلے گئے ہیں ۔پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت حیدرآباد میں موجو ہے اورعالمی کپ کا اپنا پہلا میچ جمعہ کو حیدرآباد میں نیدرلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔