لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے میرٹ اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ۔
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے صوبائی وزیر حامد یار ہراج نے ملاقات کی، عثمان بزدار نے حامد یار ہراج کووزارت کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ امید ہے آپ اپنے فرائض محنت سے سرانجام دیں گے، پنجاب حکومت نے میرٹ اور شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے، سابق دور میں حکومتی سطح پر میرٹ کی دھجیاں اڑائی گئیں، ماضی کی حکومت میں منصوبوں میں شفافیت کو نظرانداز کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے ہر منصوبہ میں عوام کی بنیادی ضروریات کو مد نظر رکھا گیا ہے، ساڑھے 3 برس میں عوام کو ریلیف دیا اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں، آپ عوام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔
حامد یار ہراج نے نیک خواہشات کے اظہار پر وزیراعلی عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے۔