کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہ ملک میں جمہوریت برائے نام رہ گئی ہے اختیار وسائل سب مقتدر قوتوں کے ہاتھوں میں ہے۔ لوٹ مار ،مہنگائی ،بدعنوانی،بدامنی کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں حکمرانوں کی لوٹ مار وشاہ خرچیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی مراعات میں کمی آرہی ہے نہ قناعت وسادگی اختیار کی جارہی ہے مفت خوری ختم کرنے کے حوالے سے مکمل خاموشی ہے ۔ہر طرف لوٹ مار ،شاہ خرچیاں ،فضولیات وبدعنوانی کا دوردورہ ہے قربانی کیلئے غریب عوام کو پیش کیے جارہے ہیں ٹیکسز،مہنگائی ،قرضے سب غریب عوام کے حصے میں آرہی ہے اشرافیہ ،مقتدرقوتوں کی لوٹ مار زور وشور سے جاری ہے تباہی وپریشانی ہیں تو وہ غریب عوام کے حصے میں ہیں جماعت اسلامی اس ظلم وجبر کے خلاف ہر فورم پرآوازبلند کریگی ۔
اپنے بیا ن میں انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں مہنگائی انتہا کوپہنچ چکی ہے ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے ۔ عوام زندہ درگور ہو گئے ہیں،کوئی پرسان حال نہیں ۔پہلے پی ڈیم ایم ،پی ٹی آئی حکومتوں نے25کروڑ عوام کو دکھ اور تکلیف پہنچانے ،بھاری سودی قرضوں ،مہنگائی میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ معیشت آئی ایم ایف کے حوالے کرکے حکمرانوں نے ناقابل معافی جرم کیا ہے۔ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر عمل درآمد کرتے ہوئے حکمران 25کروڑ عوام کی زندگی اجیرن بنا رہے ہیں ۔ مافیا نے پورے ملک کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئے ہیں ۔یوٹیلٹی اسٹورپر ریلیف ختم کر دی گئی ہے ۔کسی بھی شکل میں کسی بھی جگہ غریب عوام کو کوئی ریلیف ومراعات نہیں مل رہی ۔ سبسڈی ختم کرنے سے جہاں ایک طرف غریب غرباء ومساکین کی کمر ٹوٹ جائے گی وہاں دوسری جانب عوام نان شبینہ کے محتاج بن گیے ہیں حکومتی سطح پر ہر طرف عیاشی لوٹ مارشاہ خرچیاں اب بھی جاری ہیں وہاں کوئی قناعت پسندی ،سادگی نہیں اپنائی جارہی ۔حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایسی پالیسیاں مرتب نہ کریں جن سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہو ۔ عوام کے آمدن کے ذرایعے مخدوش اور اخراجات کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ،اسٹبلشمنٹ اور پی ڈی ایم کی ناکام حکومتوں کی بدولت غربت بے روزگاری بدعنوانی اور بدامنی میں بدترین اضافہ ہواہے ملک کاولی وارث نہیں سب کچھ مقتدرقوتوں کے حوالے کرکے جمہوریت کابیڑھ غرق کر دیا گیا ہے ۔کرپٹ اور نا اہلوں کا ٹولہ ہے جو بر سر اقتدار آگیا ہے ،ان ظالم حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی ۔عوام عملا بدحال ہو چکے ہیں۔ اداروں کو آپس میں ٹکرائو ، ملکی سلامتی کے لئے انتہائی خطرناک ہے ۔ملک سیاسی و آئینی بحران کے دہانے پر پہنچ چکا ہے ۔تمام اداروں کو آئینی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی ۔حالات کو افہام و تفہیم کے ساتھ قابو کرنے کی ضرورت ہے ۔جماعت اسلامی ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نجات دلاسکتی ہے