بھارت میں مسلم خواتین کی بولی لگانا انسانیت کی تذلیل اور حقوقِ نسواں کی بدترین پامالی ہے۔شجاع الدین شیخ


لاہور( صبا ح نیوز) تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ بھارت میں مسلم خواتین کی بولی لگانا انسانیت کی تذلیل اور حقوقِ نسواں کی بدترین پامالی ہے۔

  ایک بیان میں  انہوں نے کہا کہ جدید دنیا میں ایسی انتہائی رذیل حرکت کی کوئی مثال دیکھنے میں نہیں آئی۔ انسانیت کو شرمسار کر دینے والا یہ واقعہ درحقیقت بھارت کو ہندتوا کی بنیاد پر ایک متشدد ہندو ریاست میں تبدیل کرنے کا کی کوشش کا منطقی نتیجہ ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ حقوقِ نسواں کی عالمی تناظیم کی خاموشی انتہائی شرمناک ہے۔ شاید اس خاموشی کی وجہ یہ ہے کہ یہ اندوہناک واقعہ مغرب کے چہیتے ملک بھارت میں پیش آیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ مو م بتی مافیا اُس وقت تو بڑا متحرک ہوجاتا ہے جب پاکستان یا کسی اسلامی ملک میں خدانخواستہ عورتوں سے بدسلوکی کا کوئی معمولی سا واقعہ بھی رپورٹ ہو جائے لیکن یہ مافیا اسلام دشمن ممالک کی اِن غیر انسانی حرکات سے ہمیشہ چشم پوشی کرتا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ بھارت میں پیش آنے والے اِس شرمناک واقعہ پر عالم اسلام کا بھی کوئی ردّ عمل سامنے نہیں آیا اُنھوں نے زور دے کر کہا کہ اگر مسلمان متحد نہ ہوئے تو کشمیر، فلسطین اور بھارت سمیت دنیا بھر میں کہیں بھی مسلمانوں کی جان، مال اور عزت محفوظ نہیں رہ سکے گی۔ مسلمانوں کو اپنی عظمت ِ رفتہ کی بحالی اور آخرت میں نجات کے لیے قرآن اور سنت کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر نافذ کرنا ہوگا۔