امت نظامِ مصطفیۖ کے نفاذ کو اپنی سمت اور اپنی منزل بنالے،لیاقت بلوچ


لاہور (صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی، سیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ امت نظامِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نفاذ کو اپنی سمت اور اپنی منزل بنالے،اسلام، قرآن اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ گرامی سے اللہ کی باغی قوتیں خوفزدہ ہیں۔

لیاقت بلوچ نے جیکب آباد، ٹھل، کندھ کوٹ، کشمور میں سیرت رحمت اللعالمین کانفرنسوں او لاہور میں برہان الدین عثمانی، شاہد نوید ملک کی جانب سے سالانہ پروگراموں میں شرکت اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کا کائنات، ارض و سما میں ذکر بلند کیا ہے ،انسانوں پر غالب دیگر عالمی تہذیبیں ناکام و نامراد ہیں،اسلام، قرآن اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذاتِ گرامی سے اللہ کی باغی قوتیں خوفزدہ ہیں،اسلاموفوبیاپر مبنی شدت پسندانہ اور اشتعال انگیز طرز عمل اسلام اور پیغمبرِ اسلام کے ساتھ نفرت انگیزی اور دشمنی پر مبنی قبیح ذہنیت کی عکاسی ہے ،ماہ ربیع الاول میں اہل اسلام اور نبی رحمت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے امتیوں نے بحر و بر میں ہر گھڑی، ہر آن درودِ پاک، سلامِ عقیدت سے ان کا ذکر بلند کردیا ہے ،اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں اور شیطانی حربوں کا جواب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی تفرقوں کو چھوڑ کر اور اتحادِ امت کے جذبے کا اظہار کرکے دیں،پوری امت نظامِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نفاذ کو اپنی سمت اور اپنی منزل بنالے ،کشمیر و فلسطین کے مظلوم انسانوں کی آزادی کے لیے ملتِ اسلامیہ کو ہی اپنا فرض ادا کرنا ہے.

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان ریاستِ مدینہ کے اسلامی، فلاحی، انقلابی نظام کے نفاذ کے لیے قائم ہوا،اسلام، قرآن و سنت اور آئین کی بنیادوں سے انحراف کی وجہ سے ذلت و رسوائی ہمارا مقدر بنی ہوئی ہے ،معاشرتی اصلاح، معاشی خودانحصاری کا حصول اسی وقت ممکن ہے کہ کشکولِ گدائی توڑا جائے ،خاندان اور اسلامی اخلاقی معاشرتی نظام معاشرے میں نافذ کیا جائے،نیت، ارادہ اور عزم ہی ہمیں ذلت و رسوائی کی دلدل سے نجات دِلاسکتا ہے ۔

لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مستونگ میں میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوس پر دھماکے اور ہنگومیں تھانہ مسجد پر دہشت گرد حملے کی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی فعالیت کا پشتیبان ہندوستان ہے ۔انہوںنے کہا کہ سکیورٹی اداروں میں کمزوریاں ختم کرکے دہشت گردی نیٹ ورک توڑا جائے ،عوام کے جان و مال کی حفاظت ریاست کی اولین ذمہ داری ہے ،سکرنڈ (سندھ)میں غلط اطلاع پر سکیورٹی فورسز کی کارروائی کی وجہ سے بے گناہ مرد و خواتین کی ہلاکتیں قومی المیہ ہے ،ذمہ دار عناصر کو نشانِ عبرت بنایا جائے ،قانون کے نفاذ کے لئے قانون کی پاسداری ضروری ہے۔