حالیہ گیلپ سروے کو جماعت اسلامی نے مسترد کردیا

لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ گیلپ سروے کو جماعت اسلامی مسترد کرتی ہے، ایسے سروے پسند اور ناپسند کی بنیاد پر کرائے جاتے ہیں، ان میں حقائق نہیں بلکہ خواہشات کو سامنے رکھا جاتا ہے۔

اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انھوں نے کہا کہ لاہور کے کسی سگنل پر کھڑے ہو کر لوگوں کے ذریعے ایسے سروے مینج کیے جاسکتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات ہوں تو پتا چل جائے گا کہ کون کتنا مقبول رہنما یا جماعت ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت جماعت اسلامی اور سراج الحق قوم کی واحد امید ہیں، ہم عوام کے حقوق کے حصول کے لیے میدان میں موجود ہیں اور آئندہ الیکشن میں عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کریں گے۔