جماعت اسلامی عام انتخابات میں کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی،امیرالعظیم


واہ کینٹ(صباح نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عام انتخابات میں کسی سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی اور اپنے انتخابی نشان ترازو پر الیکشن لڑے گی،جماعت اسلامی ایک عوامی جماعت ہے اور اس کی جڑیں عوام میں ہیں، باقی جماعتیں الیکٹیبلز پر مشتمل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ٹیکسلا میں جماعت اسلامی پی پی 19 کے زیر اہتمام یاد رفتگان کے عنوان سے منعقدہ کنونشن سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، کنونشن سے امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف حسین شیرازی ، امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 63وصدر نیشنل لیبر فیڈریشن شمس الرحمن سواتی ،امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 19 عتیق الرحمان کاشمیری ، قاری ولی الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا

جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم نے کہا کہ جب تک عوام خود اپنے آپ کو نہیں بدلیں گے اس وقت تک تبدیلی نہیں آ سکتی ، عوام جب تک با عمل ، با اصول اور با کردار قیادت کو منتخب نہیں کرے گی اس وقت تک عوام کے حالات نہیں بدلیں گے ، عوام الیکشن میں دلفریب نعروں ، نغموں ، بینرز اور پینا فلیکس سے مرعوب ہو کر ووٹ نہ دیں بلکہ با عمل ، با کردار اور با اصول قیادت کو منتخب کریں،عوام کو موقع مل رہا ہے کہ وہ اپنے نمائندے خود منتخب کریں ,اگر عوام نے ہوش مندی سے کام نہ لیا تو پیسہ ،پراپیگنڈہ الیکشن پر غالب آ جائے گا

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا ہے حکمران طبقہ چاہتا ہے کہ ان کے اپنے اثاثے محفوظ رہیں، ان کی اپنی عیش و عشرت برقرار رہے ، انھیں عوام کے دکھ درد کا کوئی احساس نہیں ہے ، جماعت اسلامی پاکستان ایک عوامی جماعت ہے اور اس کی جڑیں عوام میں ہیں۔ باقی جماعتیں الیکٹیبلز پر مشتمل ہیں۔ جو جس جماعت میں جاتے ہیں وہ جماعت بڑی ہو جاتی ہے ۔ امیرالعظیم نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مودودی کی تعلیمات نسلی مسلمان کو اصلی مسلمان بنانے میں مددگار ثابت ہو رہی ہیں ، ان کی تحریریں نہایت ہی سادہ اور عام فہم زبان میں ہیں جسے ایک عام آدمی بھی خود پڑھ کر سمجھ سکتا ہے آج ہم سب لوگ جن لوگوں کی یاد میں یہاں اکھٹے ہوئے ہیں یہ سب لوگ مولانا مودودی کی راہ پر گامزن تھے، ان لوگوں نے سعادت کی زندگی گزاری اور شہادت کی موت پائی ،آخر میں ظفر ریاض الحسن سمیت جماعت اسلامی کے سے وابستہ ٹیکسلا اور گردونواح سے تعلق رکھنے شخصیات جو وفات پا چکی ہیں ، ان کی مغفرت کے لئے دعا کی گئی ۔