کشکول کرپٹ مافیا نے پوری دنیا میں ایٹمی ریاست کو مذاق بنادیا، ڈاکٹر طارق سلیم

راولپنڈی ( صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجا ب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ کشکول کرپٹ مافیا نے پوری دنیا میں ایٹمی ریاست کو مذاق بنادیا،ہردرسے بھیک مانگ کر عیاشیاں کرنے والے حکومت ختم ہونے کے بعد ملک سے فرارہوجاتے ہیں پھرڈیل اور ڈھیل کے ذریعے اقتدارپرقابض ہونے کے لیے لندن بیٹھ کرپلان بناتے ہیں لیکن اب یہ کھیل مزید نہیں چلے گا جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کے پاس ملکی معیشت کو بہتربنانے کا مکمل پلان موجودہے قوم کے پاس اب جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ،جمہوری اور شورائی نظام کی وجہ سے ہماری تنظیم مضبوط ہے ۔ہرسطح کے ذمہ داران اور امیدواران تمام سرگرمیوں کا مرکز ومحورالیکشن کوبنائیں۔ سیلاب،کورونا،زلزلے سمیت ہرمصیبت کے موقع پر جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان نے عوام کی خدمت کی ،نوجوانوں اور خواتین کے لیے بھی ہمارے پاس مکمل پلان موجود ہے پنجاب کے حالات بدلنے کے لیے ہرسطح پر تحرک ناگزیرہے ،اضلاع سطح پر میگا ایونٹس منعقد کئے گئے جن میں عوام الناس سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی امیرجماعت سراج الحق قوم کے لیے امیدبن چکے ہیں ۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے دوروزہ صوبائی ٹریننگ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،نائب امرائے صوبہ ڈاکٹرمبشراحمدصدیقی ،حافظ تنویراحمد،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمدعثمان آکاش،اویس اسلم مرزا سمیت دیگرذمہ داران اورصوبے بھر کی ضلعی شورائوں کے ارکان بھی اس موقع پر شریک ہوئے ۔ ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ بجلی اور پٹرول سمیت آٹا چینی گھی کی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن کررکھی ہے، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ  بجلی چوروں اور مفت خوروں کا بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے، بلوں میں شامل 48فیصد غنڈہ ٹیکسز ختم کیے جائیں۔ ملک میں لاکھوں میگاواٹ سستی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت ہونے کے باوجود آئی پی پیز سے معاہدے کیے گئے جن سے اضافی پیداوار کی ادائیگی بھی غریبوں کا خون نچوڑ کر کی جاتی ہے۔

قوم مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے، آج قومی ادارے بیچنے کے فیصلے ہو رہے ہیں، ڈر ہے کہ یہ سلسلہ ایٹمی صلاحیت کی فروخت تک نہ چلا جائے، جن حکمرانوں کی جیبوں میں گرین کارڈ ہیں وہ پاکستان نہیں بچا سکتے، حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ چیف جسٹس آئی پی پیز معاہدوں پر ایکشن لیں، ان سے قوم کی بڑی توقعات وابستہ ہیں، ذمہ داران کا احتساب کیا جائے۔ جماعت اسلامی قوم کے حق کے لیے لڑ رہی ہے۔اقبال خان نے کہاکہ ن لیگ، پیپلزپارٹی کا ایجنڈا صرف کیسز معاف کرانا تھا۔ پی ٹی آئی پر نوجوانوں نے اعتماد کیا، انھوں نے پنجاب پر پونے چار سال ایسے شخص کو مسلط رکھا، جس نے صوبے کو تباہ کر دیا۔ تینوں حکمران جماعتوں میں ایک ہی طرح کے لوگ ہیں، جنھوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری کے علاوہ کچھ نہیں دیا۔ ظالم حکمرانوں نے غریب کے بچے سے دودھ کا فیڈر چھین لیالیکن اب ظلم کی طویل سیاہ رات ختم ہونے والی ہے ۔