جنوبی وزیرستان،صحافی معراج خالد کا گھر گرانے کی دھمکی پر پولیس تعینات


جنوبی وزیرستان(صباح نیوز) قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم ورسک میں زلی خیل قبائل کی جانب سے صحافی معراج خالد کے گھر کو گرانے کی دھمکی ملنے پر ڈی پی او کی قیادت میں پولیس اہلکار ان کے گھر پہنچ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس کی نفری صحافی معراج خالد کے گھر تعینات ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ زلی خیل قبائل کی جانب سے گھر گرانے کی دھمکی کے خلاف صحافی نے پولیس کو درخواست دی تھی۔

صحافی معراج خالد نے قبائلی روایت کے تحت بطور سزا گھر گرانے کے خلاف پوسٹ ڈالی تھی۔

انہوں نے کہا کہ پوسٹ لگانے پر زلی خیل قبائل نے 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، جرمانہ ادا نہ کیا تو لشکر نے میرا گھر گرانے کی دھمکی دی ہے۔