سراج الحق، امیر العظیم کا مولانا مشتاق احمد کی شہادت پر گہرے دکھ افسوس کا اظہار


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے نائب امیر تحصیل مظفر گڑھ مولانا مشتاق احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مولانا مشتاق احمد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔سراج الحق نے کہا کہ مولانا مشتاق احمد اسلام پسند، محب وطن شہری اور جماعت اسلامی کے ذمہ دار تھے۔

مولانا کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ایک عالم دین کا گھات لگا کر قتل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔جماعت اسلامی کے مرکزی قائدین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مقدمہ درج کر کے قاتلوں کو جلد گرفتار کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔