لاہور ، ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والا ایک اور گروہ گرفتار

لاہور(صباح نیوز) اینٹی نارکوٹکس اور رینجرز نے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگل کرنے والے ایک اور گروہ کو گرفتار کرلیا۔ترجمان اے این ایف کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے پنجاب رینجرز کے ساتھ بادیاں چیک پوسٹ لاہور کے قریب مشترکہ کارروائی کی جس دوران 2گاڑیوں میں سوار لاہور اور خانیوال کے رہائشی 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 6کلوگرام ہیروئن اور ایک ڈرون برآمد کیا گیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اے این ایف اور رینجز نے 5 مختلف کارروائیوں کے دوران 183کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کرکے 8ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ 5موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 26کلو 400گرام افیون اور 12کلو آئس برآمد کی گئی، اس دوران مردان اور کشمیر کے رہائشی 2ملزمان کوگرفتار کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اٹک میں مدینہ چوک کے قریب رکشے سے 27

کلو 600گرام چرس برآمد ہوئی، ملزم منشیات رکشے کے خفیہ خانوں میں چھپا کر اسمگل کر رہا تھا۔ کراچی کے علاقے ملیر میں ایک گاڑی سے 100کلو 800گرام چرس اور 30بور پستول برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔اے این ایف نے سونا خان چوک کوئٹہ کے قریب جیپ سے 11کلو گرام چرس برآمد کی، ملزم مستونگ کا رہائشی تھا جو منشیات کوئٹہ اسمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار ہوا۔