چھ ماہ کی جڑواں بہنیں مبینہ ٹھنڈ لگنے ،نمونیا سے جاں بحق


نوشہروفیروز (صباح نیوز ) نواحی علاقہ دریاخان مری میں چھ ماہ کی جڑواں بہنیں مبینہ ٹھنڈ لگنے اور نمونیہ سے جاںبحق، دو معصوم بچیوں کی ہلاکت پر ماں پر غشی کے دورے، گھر میں کہرام مچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ دریاخان مری کے وارڈ نمبر دو میں آفتاب احمد خاصخیلی کی دو معصوم چھ ماہ کی جڑواں بچیاں فاطمہ اور مریم تین روز بیمار رہنے کے بعد اچانک فوت ہو گئیں بچیوں کے والد آفتاب احمد خاصخیلی نے میڈیا کو بتایا کہ بچیوں کی چھاتی بند ہوگئی تھی اور جکڑن کے باعث سانس لینے میں دشواری تھی تو ہم نے بچوں کے ماہر ڈاکٹر کو نوابشاہ میں چیک کراکے دوائی لی تھی مبینہ ڈاکٹر کے مطابق بچیوں کو ٹھنڈ لگنے سے نمو نیا ہوگیا ہے، مگر دونوں بچیاں اچانک فوت ہوگئی، بچیوں کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا بچیوں کے جنازے اٹھنے پر والدہ پر غشی کے دورے پڑنے شروع ہوگئے ہیں ، بچیوں کی اچانک موت پر پورا محلہ سوگ میں ڈوب گیا دونوں بہنوں کو آبائی قبرستان مراد شاہ بخار میں سہرد خاک کردیا گیا ہے۔