پیپلزپارٹی کا حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان


لاہور(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ کا آغاز مزار قائد کراچی سے 27 فروری کو ہوگا اور ہمارا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا، ملکی مسائل کا حل صرف  اور صرف جمہوریت ہے۔

لاہور میں سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ آج کی بیٹھک میں ملکی صورت حال اور حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ طالبان سے خفیہ مذاکرات، ملک میں جاری مہنگائی اور اسٹیٹ بینک کی خود مختاری جیسے اقدامات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ مارچ کا آغاز مزار قائد کراچی سے 27 فروری کو ہوگا اور ہمارا قافلہ اسلام آباد پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ  پی ڈی ایم نے لانگ مارچ  کے اعلان سے پہلے پیپلزپارٹی سے رجوع نہیں کیا ہم سمجھتے ہیں یہ پی ڈی ایم کا حق ہے وہ اپنے مارچ کااعلان کریں۔

واضح رہے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 23 مارچ کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جتنے لوگ اس حکومت کے خلاف نکلیں اتنا اچھا ہے پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی سے بات نہیں کی وہ اپنا احتجاج کریں لیکن پیپلزپارٹی آج سے احتجاج کے نئے فیز کا آغاز کر رہی ہے ہم اس حکومت کو بے نقاب کریں گے احتجاج کے سلسلے کوجاری رکھتے ہوئے نئے فیز میں داخل کریں گے ،

انہوں نے کہا کہ منی بجٹ غریب عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے پیپلزپارٹی ایوان میں منی بجٹ کی مخالفت کرے گی منی بجٹ کے خلاف ایوان کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔پی پی چیئرمین نے ملک میں فوری شفاف انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملکی مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے، ہم نے ماضی میں بھی ملک کو بحران سے نکالا اور آئندہ بھی نکالیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج اس شہر سے حکومت کے خاتمے کی تحریک شروع کریں گے جہاں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی،  حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا، جسے جلد عوام کے سامنے لائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے 7 سال تک غیر ملکی فنڈنگ کو چھپایا اور اس پیسے کو جمہوری جماعتوں کے خلاف سازشوں میں استعمال کیا جو قابلِ مذمت ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اس معاملے پر پی ٹی آئی کے خلاف سخت ایکشن لے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری معاشی خود مختاری کا سودا کیا جا رہا ہے، جس کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان آئی ایم ایف کو جواب دے گا۔بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں تاریخی مہنگائی اور بے روزگاری ہے، حکومت سے نجات کے لیے صاف اور شفاف انتخابات ناگزیر ہیں، سی ای سی نے منشور اور الیکشن کمیٹی  تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ،

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے25ہزار تنخواہ مقرر کرنے کے فیصلے پر عدالت نے اسٹے لے رکھاہے سپریم کورٹ کو غریبوں کے تحفظ کا خیال کرنا چاہیے ہم مطالبہ کرتے ہیں ہماری خود مختاری کاخیال کیا جائے اور اسٹے آرڈر ہٹایا جائے،ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کو استعفی دینا ہے اب ان کی مرضی ہے، احتجاج پیپلزپارٹی کا جمہوری حق ہے، اگریہ کہا جارہا ہے کہ فوج نیوٹرل ہے تو ہم یہی چاہتے ہیں، سارے ادارے نیوٹرل رہیں، ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار کے بیان کو ویل کیم کرتے ہیں۔