لال حویلی ملکیتی تنازعہ کیس، چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو نوٹسز جاری

راولپنڈی(صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے لال حویلی ملکیتی تنازعہ کیس میں چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو نوٹسز جاری کردیئے ۔جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے لال حویلی سیل کئے جانے کے خلاف شیخ صدیق کی درخواست پر سماعت کی۔شیخ صدیق کی جانب سے ایڈووکیٹ سردار رزاق عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عدالت نے چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ اور ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر کو نوٹسز جاری کردیئے ۔جسٹس چوہدری اقبال نے لال حویلی کیس جسٹس جواد حسن کی عدالت منتقل کردیا۔ عدالت نے کہا کہ جسٹس جواد حسن پہلے بھی لال حویلی کا کیس سن چکے ہیں۔عدالت نے لال حویلی ملکیتی تنازعہ کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ راولپنڈی کے متروکہ وقف املاک نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی لال حویلی اور اس سے ملحقہ مندر کو خالی کروا کر سیل کردیا تھا