لاہور(صباح نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ2023 کیلئے 18 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا۔ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی کپتانی بابر اعظم ہی کریں گے جبکہ شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ کو انجری کی وجہ سے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
پی سی بی کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران 18 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا۔انضمام الحق نے بتایا کہ قومی اسکواڈ میں کپتان بابراعظم اور شاداب خان نائب کپتان ہوں گے۔ فاسٹ بولر نسیم شاہ انجری کی وجہ سے قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیںجبکہ ان کی جگہ حسن علی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ فاسٹ بولرز میں آپشن کم تھی، حسن علی نے لنکن لیگ میں اچھا کھیل پیش کیا، حسن علی ٹیم مین بھی ہے اور اس کے آنے سے ٹیم میں انرجی آتی ہے۔
انضمام الحق نے کہا کہ فاسٹ بولرز میں احسان اللہ اور محمد حسنین بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں لیکن ہم نے چھ ماہ سے بنے کمبی نیشن میں تبدیلی کی کوشش نہیں کی۔انضمام الحق کا کہنا تھا کہ حسن علی کو تجربے کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ، بڑے ایونٹ میں تجربہ کار بولر کی ضرورت ہوتی ہے جب کہ نسیم شاہ کا ٹیم میں نہ ہونا ہمارے لیے نقصان ہے لیکن پرامید ہیں وہ جلد ہی ٹیم میں واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس فاسٹ بولرز میں کافی انجریز ہیں، بڑے میچز میں کوشش کی ہے کہ بولر ایسے ہوں جن کے پاس تجربہ ہوں جنہوں نے میچز کھیل رکھے ہوں، بھارت میں دوسری ٹیموں کی نسبت ہم پر زیادہ پریشر ہوتا ہے اس لیے پریشر ہینڈل کا بھی مسئلہ ہوتا ہے ان چیزوں کو دیکھتے ہوئے حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔
ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ میں بابراعظم(کپتان)،شاداب خان(نائب کپتان)،عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف،افتخار احمد، شاہین آفریدی،محمد نواز،محمد وسیم جونیئر،حسن علی،سعود شکیل، سلمان آغا اوراسامہ میر شامل ہیں جبکہ محمد حارث، ابرار احمد اور زمان خان کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔