الیکشن کمیشن کا انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ خوش آئندہے،قیصر شریف

لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے الیکشن کمیشن کے انتخابات کے انعقاد کے فیصلے کو خوش آئند قراردیا ہے اور کہا ہے الیکشن کا اسمبلیوں کی تحلیل کے 90دن کے اندر انعقاد آئینی تقاضا ہے تاہم فیصلہ دیر آید، درست آید کے مصداق ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ الیکشن نہیں کرائے جاتے تو آئین سے انحراف ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں میں مسائل ہیں جنہیں جواز بنا کر الیکشن سے انحراف نہیں کیاجاسکتا۔ قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی نے تمام حلقوں پر اپنے امیدواران کا چناؤ مکمل کیا ہے۔ ہم کسی سیاسی جماعت کیساتھ اتحاد نہیں کریں گے اور اپنے منشور کیساتھ الیکشن لڑیں گے۔ جماعت اسلامی کا منشو ر انقلابی منشور ہے۔

جماعت اسلامی کی جدوجہد کا مقصد پاکستان کو ترقی کی طرف لے کر جانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نگران حکومت نے پٹرول، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ جمعرات سے گورنر ہائوس لاہور کے سامنے ہمارا دھرنا شروع ہو گیا جو تین دن جاری رہے گا۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق دھرنے میں شریک رہیں گے۔