کوہ پیما سرباز علی اور نائلہ کیانی نے دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو سر کرلی


 اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستانی کوہ پیما سرباز علی اور نائلہ کیانی نے نیپال میں واقع دنیا کی آٹھویں بلند ترین چوٹی ماؤنٹ مناسلو سر کرلی، سرباز علی نے 2019 میں پہلی بار مناسلو کو سر کیا تھا۔2021 میں حقیقی سمٹ پوائنٹ کے انکشاف کے بعد سرباز نے دوبارہ مناسلو کو سر کیا، سرباز علی نے مصنوعی آکسیجن کے بغیر 8163 میٹر بلند چوٹی مناسلو کو سر کیا۔

پاکستانی کوہ پیما سرباز علی جمعرات کی صبح پاکستانی وقت کے مطابق پونے چھ بجے مناسلو کے ٹاپ پر پہنچے۔سرباز علی 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 12 چوٹیاں سر کرچکے ہیں، پاکستانی کوہ پیما بقیہ دو چوٹیاں سر کرنے جلد چین روانہ ہوں گے۔پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا، نائلہ 8 ہزار 163 میٹر بلند مناسلو سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئیں۔

نیپال میں واقع ماؤنٹ مناسلو دنیا کی آٹھویں بلند چوٹی ہے، نائلہ نے گزشتہ شام چھ بجے کیمپ ٹو سے سمٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی اور جمعرات کی صبح سوا 7 بجے مناسلو کے ٹاپ پر پہنچیں۔نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 9 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، نائلہ اس سے قبل ماؤنٹ ایوریسٹ، کے ٹو، نانگا پربت، جی ون، جی ٹو، اناپورنا، لوٹسے اور براڈ پیک سر کرچکی ہیں۔