لاہور (صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام ساتواں کمپیوٹر کورس مکمل ہوگیا۔تقسیم اسناد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ ایجوکیشن کی پروگرام منیجر محترمہ سمیرا چھاپرا نے کہا کہ پاکستان خوش قسمت ملک ہے کہ اس کی آبادی کی اکثریت یوتھ پر مشتمل ہے لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ اس یوتھ کو ہنرمند بنایا جائے تاکہ وہ ملک و معاشرتی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکے۔اگر اس یوتھ کی درست سمت میں تربیت نہ کی گئی تو یہی یوتھ معاشرتی تباہی کا سبب بن سکتی ہے۔
اس موقع پر انچارج کمپیوٹر انسٹی ٹیوٹس خالدہ شہزاد بھی موجود تھیں۔ سمیرا چھاپرا نے کہا کہ پاکستان کی سکڑئی ہوئی معیشت اور بڑھتی بے روزگاری لمحہ فکریہ ہے جس کے سدباب کے لئے فوری اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی 64 فیصد آبادی یوتھ پر مشتمل ہے جس کی مناسب تعلیم و تربیت کر کے ان نوجوانوں کو با صلاحیت بنایا جاسکتا ہے۔نوجوان نسل کو ہنر مند بنا کر نہ صرف انہیں با عزت روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے بلکہ گمراہی سے بھی بچایا جا سکتا ہے جس کے لئے بچپن سے ہی اپنے بچوں کی مثبت ذہن سازی کرنا ہوگی انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جس پر قابوپانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہرسال عالمی یوم حجاب منایا جاتا ہے لیکن محض سال میں چند دن روایتی طور پر کچھ تقاریب منعقد کر لینا کافی نہیں ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں اپنی بچیوں کی مسلسل ذہن سازی کرنا ہوگی تاکہ انہیں بے حیائی سے پاک آذاد ماحول فراہم کیا جاسکے۔اس موقع پر خالدہ شہزاد نے بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ لاہور کے زیر اہتمام اب تک سات بیجز کمپیوٹر کور س مکمل کر چکے ہیں اور فارغ التحصل بچیاں اس وقت باعزت روزی کما رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کے صف میں شامل کرنا ہے تو ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھر پور استفادہ کرنا ہوگا۔