مظفرآباد(صباح نیوز) یورنیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر مظفرآبادکے زیر اہتمام ریگولر داخلہ جات کی تاریخ میں 29ستمبر تک توسیع کردی گئی ہے۔ ترجمان یونیورسٹی کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈسیکنڈری ایجوکیشن میرپورکے ایف اے،ایف ایس سی کے حالیہ نتائج کے اعلان کے بعد داخلہ کے خواہشمند طلبا اور ان کے والدین کے پرزور اصرار پر جامعہ کشمیر کے بی ایس،ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں فال 2023کے داخلے اب رواں ماہ کی 29تاریخ تک جاری رہیں گے۔
شعبہ تعلقات عامہ جامعہ کشمیر سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق ان پروگرامز میں داخلہ جات کے لیے انٹر ی ٹیسٹ4اور 5اکتوبر 2023کو منعقد ہونگے۔علاوہ ازیں جامعہ کشمیر نے شعبہ جیالوجی کے زیر اہتمام GISڈپلومہ میں بھی داخلوں کا آغاز کردیا ہے جس کے لیے 9اکتوبر2023تک درخواستیں جمع کروائی جاسکتی ہیں۔جامعہ کشمیر میں داخلہ لینے والے طلبہ بذریعہ آن لائن اور جہاں انٹرنیٹ کی سہولت موجود نہیں وہ جامعہ کشمیر کے شعبہ امور طلبہ چہلہ کیمپس سے طبع شدہ فارمز حاصل کرکے مکمل کوائف کے ساتھ داخلہ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
جامعہ کشمیرکے ترجمان کے مطابق وائس چانسلر جامعہ کشمیرپروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے فیکلٹی آف سائنسز، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز اور فیکلٹی آف انجینئرنگ کے تمام شعبہ جات میں ریگولر داخلوں کی آخری تاریخ 29ستمبر تک بڑھانے کی منظوری دے دی ہے۔اب طلبہ 15ستمبر 2023تک اپنے داخلہ فارم ادارہ امور طلبہ میں جمع کروا سکتے ہیں۔ جبکہ بی ایس پروگرام میں انٹری ٹیسٹ 4اکتوبر2023 کو اور ایم ایس،ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام میں انٹر ی ٹیسٹ 5اکتوبر2023کو متعلقہ شعبہ جات میں منعقدہونگے۔
جاری شدہ شیڈیول کے مطابق پہلی میرٹ لسٹ 9اکتوبر2023کو، دوسری میرٹ لسٹ 16اکتوبرجبکہ تیسری اور حتمی میرٹ لسٹ 23اکتوبر 2023کو متعلقہ شعبہ جات میں آویزاں کی جائے گی۔طلبہ مزید معلومات کیلئے جامعہ کشمیر کے ڈائر یکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس آفیرز کے رابطہ نمبر 05822-960463پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔