اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ نے کینٹ بورڈز کو نجی اسکولوں کو سیل کرنے سے روک دیا۔
سپریم کورٹ میں کنٹونمنٹ علاقوں سے نجی اسکولوں کی بے داخلی کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔عدالت نے ملک بھر کے کنٹونمنٹ بورڈز کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کر لیا۔عدالت عظمی نے کینٹ بورڈز کو تاحکم ثانی کینٹ ایریا میں بنے ہوئے نجی اسکولز کو سیل کرنے سے بھی روک دیا۔
وکیل عدالت کو بتایا کہ کینٹ بورڈز میں 8300 نجی اسکول قائم ہیں اور ان اسکولوں میں 37لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔سکولوں کو سیل کیا جا رہا ہے، بچے کہاں جائیں گے۔پرائیویٹ اسکولز اور طلبا کے والدین نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ نے نجی سکولز کو سنے بغیر فیصلہ دیا تھا۔
اصل کیس تو رہائشی پلاٹ پر سکول بنانے کا تھا۔کیس میں موقف سنے بغیر سخت حکم جاری کیا گیا۔عدالت نے کینٹ بورڈز سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔