ایئرپورٹس کے داخلی خارجی راستوں پر وباؤں کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنارہے ہیں،ڈاکٹرندیم جان

اسلام آباد(صباح نیوز) نگران وفاقی وزیر برائے صحت ڈاکٹرندیم جان نے کہا ہے کہ انٹر نیشنل ایئرپورٹس کے داخلی خارجی راستوں پر وباؤں کی نگرانی کے نظام کو مزیدمضبوط اور انٹر نیشنل ہیلتھ کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنارہے ہیں۔

وزارت صحت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہارانہوں نے لاہور ایئرپورٹ پر کورنٹائین ہسپتال کے سنگ بنیاد کے موقع پر کیا۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ عوام کو بیماریوں سے بچانے کیلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے۔وباں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناگہانی وبائوں سے نمٹنے کیلئے بارڈر ہیلتھ سروسز کو مضبوط بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔

انٹر نیشنل ایئرپورٹس داخلی خارجی راستوں پر وبائوں کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ انٹر نیشنل ہیلتھ کی سفارشات پر عملدرآمد کو یقینی بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار گلوبل ہیلتھ سکیورٹی ایجنڈے پر کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا ۔پاکستان اس کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ دنیا بھر سے صحت عامہ کے ماہرین اس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ گوبل ہیلتھ سکیورٹی کی میزبانی پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔اس کانفرنس کے انعقاد سے صحت کے شعبے میں بہتری اور ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی ۔