اسلام آباد(صباح نیوز) نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) میں پولیو کے خاتمے کے عالمی ڈائریکٹر ایڈن اولیری نے گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشیٹو (جی پی ای آئی) کی حکمت عملی کمیٹی کے دورہ کے موقع پر ملاقات کی ہے۔جی پی ای آئی کے سینئر عہدیداروں اور نگراں حکومت کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی۔
وزارت صحت میں منعقدہ اجلاس میں ڈاکٹر ندیم جان نے کہا ہمارے لیے یہ اہم ہے کہ ہمارا ملک اور عالمی شراکت دار اور عطیہ دہندگان پولیو کے خاتمے کے اس آخری مرحلے میں ایک ساتھ کھڑے ہوں۔جی پی ای آئی کی حکمت عملی کمیٹی جس کی صدارت ایڈن اولیری کے پاس ہے ، ایک انتظامی کمیٹی ہے جو پولیو اینڈ گیم پلان کے انتظام اور اس پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے قائم کی گئی ہے،جس کا مقصد 2026 تک اس کا خاتمہ کرنا ہے۔
نگران وزیر نے کہا کہ قومی وزارت صحت 2023 کے آخر تک عالمی ڈیڈ لائن تک جنگلی پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے کسی بھی اقدام کی حمایت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں دل سے پولیو ورکر ہوں۔میں اس بات کو یقینی بناں گا کہ نہ صرف پولیو کو گورننس کے تمام درجوں پر ترجیح دی جائے بلکہ کوششیں مزید تیز ہو جائیں۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ایڈن اولیری نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے لیے سیاسی عزم ، کام کو انجام دینے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خاص طور پر پولیو پروگرام کے ساتھ وزیر صحت کی مصروفیت سے متاثر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران وفد نے اسلام آباد میں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں انجینئر ان چیف، پشاور کے ڈسٹرکٹ کمشنر اور سندھ کے وزیر صحت سمیت دیگر اہم حکام سے بھی ملاقات کی ہے۔