لاہور (صباح نیوز)سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں عبوری ضمانتیںخارج ہونے کے بعد ملزمان کی عدم گرفتاری کے کیس کی سماعت ہوئی۔
سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب پولیس رائو سردار علی خان کو ہدایت کی ہے کہ پولیس اپنے معاملات کو مزید بہتر بنائے۔
اس پر آئی جی پنجاب پولیس کو یقین دہانی کروائی کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہو گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر دو رکنی بینچ نے گزشتہ روز عدالت عظمیٰ کی جانب سے ملزم عرفان کی ضمانت خارج ہونے پر ملزم کی عدم گرفتاری کے کیس کی سماعت کی۔
عدالت کی جانب سے طلب کرنے پر آئی جی پنجاب پولیس رائو سردار علی خان اور آرپی او گوجرانوالہ عمران احمد پیش ہوئے۔
دوران سماعت جسٹس عمر عطابندیا ل کا کہنا تھا کہ اکثر ایسے معاملات دیکھنے میں آتے ہیں کہ ملزمان کی ضمانتیں خارج ہو جاتی ہیں تاہم پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کرتی، پولیس کا یہ رویہ افسوسناک ہے۔
آئی جی پنجاب پولیس نے عدالت کو یقین دہانی کروائی کہ نہ صرف عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہو گا بلکہ پولیس افسران کے رویہ کو بہتر بنانے کے لئے ریفریشر کورسز بھی کروائے جارہے ہیں۔