آئی ایم ایف کے ڈر سے عوام کو ریلیف نہ دینا بدترین غلامی ہے،سینیٹرمشتاق احمد خان

اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی پاکستان کے سینئر رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بل نامنظور، بین الاقوامی استعماری طاقتوں/آئی ایم ایف کی غلامی نامنظور ہے ۔وفاقی نگران حکومت  نے تسلیم کر لیا کہ وہ عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف نہیں دیں گے بلکہ بجلی کے بل ستمبر کے مہینے میں مزید بڑھ جائیں گے۔ اپنی عوام کو شدید تکلیف میں بھی آئی ایم ایف کے ڈر سے ریلیف نہ دینا بدترین غلامی ہے۔

ان خیالات کااظہار سینیٹر مشتاق احمد خان نے ٹوئٹر پر ایک خبر پر اپنے ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کیا جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی بلوں میں ریلیف آئی ایم ایف منظوری سے مشروط ہے ۔ سینیٹر مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ ثابت ہو گیا کہ ملکی خودمختاری آئی ایم ایف کے پاس ہے، حکمران یہاں کٹھ پتلیاں ہیں اور عملا اس ملک کے سٹریٹیجک فیصلے اور معیشت آئی ایم ایف چلا رہا ہے۔

عوام بین الاقومی طاقتوں ساہو کار اداروں کی اس بدترین غلامی کا احساس کریں۔ بجلی کے بھاری بھرم کم بلوں کے خلاف جدوجہد کو غلامی کے خاتمے کا نقطہ آغاز بنائیں۔ پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کا سوداکرنا اور اسے بین الاقوامی استعماری طاقتوں / اداروں کی غلامی میں دینے کی ذمہ دار سابقہ تمام حکومتیں ہیں۔سینیٹر مشتاق احمد خان نے اپنے ٹویٹ کے ہمراہ اخبار میں چھپنے والی اُردو اورانگلش خبریں بھی شیئر کی ہیں۔