پشین ، سی ٹی ڈی کی کارروائی ،4مبینہ حملہ آور ہلاک


پشین(صباح نیوز)پشین کے علاقے سرخاب میں کائونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ( سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ حملہ آور ہلاک کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پشین کے علاقے سرخاب میں سی ٹی ڈی نے اطلاع ملنے پر حملہ آوروں کے خلاف آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 4مبینہ حملہ آور ہلاک ہو گئے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک افراد کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد ہوا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گرد تخریب کاری، قتل اوراغوا کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔

ادھر سی ٹی ڈی نے لکی مروت میں 2 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے۔ترجمان محکمہ انسداد دہشتگردی(سی ٹی ڈی) کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی ٹیپو گل گروپ سے ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان نے بتایا کہ دہشتگرد بم حملوں اور ٹارگٹ کلنگ سمیت متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشتگرد شہید ڈی ایس پی اقبال مہمند پر بم حملے میں بھی ملوث تھے جب کہ دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے