لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ مریم صفدر کی خاموشی معنی خیز ہے، وہ پہلے اداروں کے خلاف بیان دیتی ہیں پھر خاموش ہوجاتی ہیں۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور اور وزیر آبپاشی محسن لغاری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر حسان خاور نے کہا کہ مریم صفدر کا سکرپٹ عوام کو سمجھ آچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ2021 پنجاب کی ترقی کا سال تھا، پنجاب میں 70 فیصد لوگوں کو کورونا ویکسین لگائی گئی ، صوبے میں سب کو صحت کارڈ دینے جارہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مشن صوبے کو آگے لیکر جانا ہے، ڈیموں سے متعلق ستر سال کا کام ایک طرف، بزدار حکومت کا کام ایک طرف ہے، آبیانے کے فرسودہ نظام سے جان چھڑا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ سے نجی ہسپتالوں میں مقابلے کی فضا پیدا ہوگی،سندھ کے عوام صحت کارڈ سے فائدہ نہیں اٹھاسکیں گے، سندھ اپنے پائوں پر کھڑا نہیں ہوپارہا۔
انہوں نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے سندھ کے عوام صوبائی حکومت سے انتقام لیں گے، چھوٹے میاں بڑے میاں کی ضمانت دیکر پھنس چکے ہیں، بڑے میاں کو علم ہے کہ کوٹ لکھپت جیل ان کا انتظار کررہی ہے،شہبازشریف کی فنکاریاں 16 ارب کے سامنے دم توڑ چکی ہیں۔