الخدمت کے آرفن کیئر پروگرام کے تحت 1000یتیم بچوں کیلئے ”فیملی فن گالا” کا اہتمام


کراچی (صباح نیوز) الخدمت ” آرفن کیئر پروگرام” میں رجسٹرڈایک ہزاریتیم بچوں ،ان کی ماؤں او رسرپرستوں کیلئے کراچی کے ایک معروف تفریحی مقام پر ” سالانہ ”فیملی فن گالا ”کا اہتمام کیا گیا ۔گالا میں آغوش ہوم کراچی کے بچوں اور ان کی ماؤں نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی ۔

اس موقع پر ان بچوں کیلئے ایک بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیاتھا ،جس میں بچوں نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا اظہار کیا ۔تقریب میں بچوں کی دلچسپی کیلئے ذہنی آزمائش اور مزاح سے بھرپورپروگرامز منعقد کیے گئے جنہیں بچوں اوران کی فیملیز نے خوب سراہا ۔ذہنی آزمائش کے پرگرام میں بچوں کو موقع پر ہی انعامات دیئے گئے ۔

اس موقع پر الخدمت کر اچی کی جانب سے بچوں اور ان کی ماؤں کوبھی تحائف دیئے گئے ،بعد ازاں بچوں نے ریزاٹ کی خوب سیر کی ۔ سوئمنگ پولز میں تیراکی کے علاوہ مختلف جھولوں سے بھی لطف اندوز ہوئے ۔

تقریب میں الخدمت کے آغوش ہومز میں پرورش پانے والے بچوں کے ویڈیو پیغام بھی سنائے گئے جوآج عملی زندگی میں کامیاب فرد کے طور پر اپنا سفر جاری رکھے ہو ئے ہیں اوردنیا کیلئے مثال ہیں ۔ تقریب میں جاپانی قونصلیٹ کے نمائندے ماکوساتا،حلقہ احباب سعودیہ کے رضی ولی محمد،ایگز یکٹو ڈائر یکٹرالخدمت کر اچی راشد قریشی ،ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام فاروق کاملانی نے خطاب کیا ۔

اس موقع پر چیف ایگز یکٹو نویدعلی بیگ ،انجینئر عبد العزیز ،انجینئر صابر احمد ،ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک سروسز ڈاکٹر عظیم الدین ،کارپوریٹ اداروں کے نمائندگان،ڈونرز، الخدمت کے ذمہ داران ،کارکنان اور والنٹیرز کی بھی بڑی تعداد موجود تھی ۔اس موقع پر تقریب سے خطا ب کر تے ہوئے رضی ولی نے کہا کہ سعودی عرب میں ہم نے الخدمت کا بہت نام سنا تھا کہ الخدمت خدمت کے کام کر تی ہے ،مگر آج تقریب میں آکر دیکھ لیاکہ واقعی الخدمت بہت کام کر رہی ہے ۔یتیم بچے قوم کا روشن مستقبل ہیں ۔

انہوں نے شیخ عبدالقادر جیلارنی رحمتہ اللہ علیہ کی بچپن کی مثال پر روشنی ڈالی اور کہا کہ سچ بولنے سے متعلق یہ مثال دنیااسلام کی بہترین مثال ہے ۔مولانا محمد علی جوہراور شوکت علی کا کردار بھی یہی تھا ۔بہادریار جنگ کا کردار بھی دنیا کے سامنے ہے ۔ہماری نئی نسل کے کرداربھی ایسے ہی ہونے چاہیں ۔مائیں بچوں کی کردار سازی میں کردار ادا کریں ۔جاپانی قونصلیٹ کے نمائندے ماکوساتا نے اردو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت کے کاموں سے آگا ہ ہوں ۔الخدمت پاکستان میں بہترین کام کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مذہب اور قوم سے بالاترہو کر انسانیت کی خدمت کر نی چاہیے ۔الخدمت یہ کام کر رہی ہے۔

راشدقریشی نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر الخدمت کے تمام کارکنان ،والنٹیرز وانتظامیہ کو مبارک باد دی اورکہا کہ آج اس تقریب کے مہمان خصوصی یہی یتیم بچے ہیں، جن کیلئے فن گالا کا اہتمام کیا گیا ہے ۔امید ہے کہ یہی بچے معاشرے میں اپنا مقام بنائیں ۔انہوں نے الخدمت کے زیر کفالت میٹرک کے طلبہ وطالبات کے شاندار سالانہ نتائج پر انہیں مبارک باد دی ۔فاروق کاملانی نے کہا کہ ملک بھر میں الخدمت کے تحت 16ہزار500بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کی جا رہی ہے ۔ملک کے مختلف شہروں میں 18آغوش ہوم جیسے اقامتی ادارے بھی قائم ہیں ۔ایک آغوش ہوم ترکی میں بھی ہے ۔الخدمت کراچی کے تحت قائم آغوش ہوم میں 100بچوں کی گنجائش ہے ۔

الخدمت کے تحت زیر کفالت کئی بچے آج ہم مقام حاصل کر چکے ہیں ،کئی اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔فاروق کاملانی نے کہا کہ الخدمت آرفن کیئر پروگرام میں شریک بچے کسی سے کم نہیں۔ کراچی میں ایک ہزار 150بچوں کی ان کے گھروں پر کفالت کر رہے ہیں ۔فن گا لا کا مقصد بچوں اور ان کی فیملز کو تفریح کا موقع فراہم کرکے ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنا تھا ۔اہل خیر الخدمت کے اس منصوبے میں ساتھ دیں ۔