پاکستان کی خوشحالی کیلئے بلوچستان کی ترقی لازم ہے ،گورنر پنجاب


لاہور(صباح نیوز)گورنر پنجاب چو ہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی کیلئے بلوچستان کی ترقی لازم ہے، بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

گورنر پنجاب چو ہدری محمد سرور سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئر مین مرزا محمد آفریدی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ جس میں کشمیر اور فلسطینیوں پر مظالم کی مذمت کی گئی۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے کشمیریوں اور فلسطینیوں پر مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔

چو ہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں حکومت پار لیمنٹ کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے، ہم سب مل کر پاکستان کو پر امن، ترقی یافتہ، خوشحال اور مضبوط بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی مضبوطی اور خوشحالی کیلئے بلوچستان کی ترقی لازم ہے، بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں اپنے اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کو سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر سوچنا ہوگا۔