حکمرانوں کے اعصاب پر نوازشریف سوارہیں،احسن اقبال


نارووال(صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے اعصاب پر نوازشریف سوارہیں ، تبدیلی سرکار کو عوام کی کوئی فکر نہیں ، 2022انتخابات کا سال ہے ،ہمارے قائد بھی واپس آئیں گے اور ن لیگ بھی اقتدار میں آئے گی۔

نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت صبح شام نواز شریف فوبیا میں مبتلا ہے ، جب ان کی صبح ، شام ہوتی نواز شریف ان کے اعصاب پر سوار ہوتے ہیں،جب یہ سوتے ہیں خواب میں نواز شریف کو دیکھ کر ہربڑا کر اٹھ بیٹھتے ہیں ، ان کی پوری کابینہ کا اجلاس نواز شریف کے اوپر ہوتا ہے ۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے ، پاکستان کے عوام مہنگائی میں کچلے جا چکے ہیں ، پاکستان کے کسان اورمزدور کی کوئی فکر نہیں ہے ، ان کو بس یہ فکر ہے نواز شریف نہ آجائے ،نواز شریف آ گیا تو کیا ہوگا ، نواز شریف بھی اب آئے گا اورمسلم لیگ ن بھی واپس آئے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2022 ملک میں نئے انتخابات کا سال ہو گا ، وہ جعلی حکومت جو دھاندلی کا مینڈیٹ لے کر آئی تھی اب اس کے واپس پویلین میں جانے کا وقت ہو گیا ہے کیونکہ یہ مہنگائی کے بانسر سے زخمی ہوگئی ہے ، عمران نیازی صاحب آپ کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کا وقت آ گیا ہے ۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی نااہل ترین ثابت ہو چکی ہے ، منی بجٹ جو عوام پر لادا گیا ہے اس بارے میں اپوزیشن نے پہلے خبردار کردیا تھا ، ساڑھے تین سو ارب ٹیکسوں کے ساتھ عوام کی چیخیں نکلوائی جائیں گی ۔