اعلی پولیس حکام کے بینک اکاؤنٹس،جائیداد کی چھان سے متعلق درخواست پر نوٹس جاری


کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے گٹکا مافیا کیخلاف کارروائی کے معاملے پر ایف آئی اے سے اعلی پولیس حکام کے بینک اکاؤنٹس اور جائیداد کی چھان سے متعلق درخواست پر نوٹس جاری کردیئے۔

سندھ ہائیکورٹ میں گٹکا مافیا کیخلاف کارروائی کے معاملے پر ایف آئی اے سے اعلی پولیس حکام کے بینک اکائونٹس اور جائیداد کی چھان بین سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار مزمل ممتاز میئو ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ پولیس کے اعلی افسران اور انکے ماتحت افسران گٹکے اور منشیات کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث ہیں۔ پولیس کے ایس ایچ اوز ڈی ایس پیز گٹکا مافیا کے خلاف کاروائی سے گریزاں ہیں۔

ایس ایس پی مٹیاری آصف بھگیو کی ڈرگز مافیا سے 15 لاکھ روپے لیے تھے۔ ایس ایس پی نے مٹیاری میں ڈرگ مافیا کیخلاف کوئی کاروائی نہ کرنے کے پیسے لیے۔ ایس ایس پی مٹیاری کی ویڈیو بھی نجی چینل پر نشر ہوئی ہے جو پولیس کے ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔ عدالتی حکم پر ڈی آئی جی اسپیشل برانچ پیش ہوئے۔ ڈی آئی جی اسپیشل برانچ نے بتایا کہ آئی جی سندھ نے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افسران اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی شروع کردی ہے۔

پولیس پارٹی دوسرے علاقوں میں بھی کارروائی کرسکے گے۔ ملوث افسران اور اہلکاروں کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت نے درخواست پر آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے تفصیلات طلب کرلیں۔