مظفر آباد(صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی میں یونیورسٹی آف گجرات اور امریکی ادارہ برائے تعلیم کے باہمی اشتراک سے ٹیچرز کیپسٹی بلڈنگ کے عنوان سے سٹی کیمپس میں تین روزہ ورکشاپ کاآغاز ہوگیا۔ورکشاپ کے افتتاحی سیشن میں یونیورسٹی آف گجرات کے ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف،جامعہ کشمیر کے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید،چیف لائبریرین پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری،ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ ڈیجیٹل میڈیاڈاکٹر سویرہ مجیب شامی،
جامعہ کشمیر کے شعبہ ابلاغ عامہ کی کوارڈینٹر ڈاکٹر شاہدہ خلیق،ایڈیشنل رجسٹرار جامعہ سردار ظفر اقبال سمیت مختلف شعبہ جات کے سربراہان،فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ٹریننگ ورکشاپ کے انعقاد کا مقصدجامعہ کشمیر کے فیکلٹی ممبران کو تحقیق اور جدید میڈیا کے حوالے سے نئی پیش رفت اور ترقی سے روشناس کروانا تھا۔ یونیورسٹی آف گجرات کے ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دور میں ڈیجیٹل میڈیا اور ٹیچنگ کے اصولوں سے روشناس اساتذہ کو طلبہ کی حقیقی معنوں میں رہنمائی کرنے میں آسانی ہوگی۔اس ورکشاپ کے انعقاد سے اساتذہ کرام دور جدید کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کو تعلیم دینے میں کامیاب ہونگے۔
جامعہ کشمیر کے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ہارون الرشید نے ورکشاپ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیکلٹی ممبران ڈیجیٹل کمیونیکشن کے جدید رجحانات سے آگہی کے علاوہ دیگر موضوعات پر اس تربیتی سیشن میں اہم معلومات حاصل کریں گے۔چیف لائبریرین میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر ندیم حیدر بخاری نے اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے شروع کیے گئے امریکی ادارہ برائے تعلیم کے پروگرام کو خوش آئیند قراردیتے ہوئے اس کے تسلسل پر زور دیا۔ ٹریننگ ورکشاپ میں پروفیسرڈاکٹر سویرا مجیب شامی نے شرکا کو تعلیم کے فروغ کے لیے جدیدٹیکنالوجی کو موثر انداز میں استعمال کرنے کے مختلف طریقوں سے روشناس کیا۔انہوں نے ڈیجیٹل سیکورٹی کے حوالے سے بھی خصوصی لیکچر دیا جس کا مقصد سائبر سیکورٹی کے متعلق آگاہی فراہم کرنا تھا۔