آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء: پاکستان کرکٹ ٹیم کو شرکت کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ ہو گیا


اسلام آباد(صباح نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لیے بھارت جائے گی ۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے مسلسل کہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کے ساتھ نہیں ملایا جانا چاہیے اور اسی لیے پاکستان نے اپنی کرکٹ ٹیم کو آئندہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں شرکت کے لیے بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا خیال ہے کہ بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کی صورتحال بین الاقوامی کھیلوں سے متعلق ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں رکاوٹ نہیں بننی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے متعصبانہ رویے کے برعکس پاکستان کا فیصلہ تعمیری اور ذمہ دارانہ رویہ کو ظاہر کرتا ہے کیونکہ بھارت نے ایشیا کپ کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔دفتر خارجہ نے کہا کہ تاہم پاکستان کو اپنی کرکٹ ٹیم کی سلامتی کے بارے میں گہری تشویش ہے اور ہم اپنے خدشات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی حکام تک پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران اس کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔