اسلام آباد/پشاور(صباح نیوز)تلخ و شیریں یادیں لئے سال2021 رخصت ہواجبکہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نئے سال کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔2021ء گذشتہ روز اپنے اختتام کو پہنچ گیا جبکہ سخت سکیورٹی میں نئے سال کا شاندار استقبال کیاگیا ۔2022ء کا پہلا سورج حسب روایت نیوز ی لینڈ سے طلوع ہوا جہاں مختلف شہروں میں نئے سال کے استقبال کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔
نیوزی لینڈ میں سال نو کی سب سے بڑی تقریب آکلینڈ میں منعقد ہوئی جہاں سکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، آکلینڈ میں شاندار لائٹ شو کا اہتمام کیا گیا اور منچلوں نے خوب ہلہ گلہ کیا ۔نیوزی لینڈ کے بعد 2022ء کا آغاز آسٹریلیا میں پاکستانی وقت کے مطابق شام 6بجے ہوا اور سڈنی میں مقامی وقت کے مطابق 12بجتے ہی نئے سال کی تقریبات کا آغاز کر دیاگیا ۔سڈنی کے باربر برج پر شاندار آتش بازی دیکھنے کیلئے ہزاروں لوگ پہنچ گئے ۔رنگا رنگ آتش بازی کافی دیر تک جاری رہی ۔
اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔اسی طرح جاپان میں بھی نئے سال کے موقع پر روایتی انداز میں خوشیاں منائی گئیں ۔ٹوکیوکی سڑکوں پر تل دھرنے کی جگہ نہ رہی اور ہزاروں لوگوں نے سال نو کا بھر پور طریقے سے استقبال کیا ۔ماسکو کے ریڈ سکوائر اور ہانگ کانگ کے وکٹوریہ ہاربر کے علاو ہ کوالالمپور،تائے پے ،سٹاک ہوم ،ایمسٹرڈیم ،برلن اور چین کے متعدد شہروں میں بھی بڑے پیمانے پر شاندار آتش بازی کے مظاہرے کئے گئے ۔پیرس میں بھی نئے سال کا استقبالیہ آتش بازی سے ہوا ۔
فرانس میں سال نو کی تقریبات کے موقع جشن نے سماں باندھ دیا ۔زبردست آتش بازی اور لیزر لائٹس کا مظاہرہ کیا گیا ۔امریکا،برطانیہ،جرمنی ،روس،سپین،دبئی،ترکی اور کینیڈا میں بھی سال نو کی تقریبات منعقد کی گئیں ۔لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور ،کوئٹہ اور ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 2021کے سورج کے غروب ہونے کا خوبصورت نظارہ کیا گیا۔سال 2021 میں کبھی خوشی کبھی غم،پر مسرت اور مشکل اوقات کا سامنا رہا اورکورونا کے حملے جاری رہے ۔پاکستان میں نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے پشاور، کراچی، لاہور اوراسلام آباد سمیت دیگر شہروں میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں جبکہ آتش بازی ،ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کے مظاہرے بھی کئے گئے ۔کراچی میں بڑی تعداد میں شہریوں نے سمندر کنارے جمع ہو کر 2021ء کے آخری سورج ڈوبنے کا نظارہ کیا اور سال کو الوداع کہا ۔
پشاور میں پابندی کے باوجود بعض علاقوں میں 12بجتے ہی ہوائی فائرنگ کی گئی ۔ ملکہ کوہسار مری میں عید کا سماں رہا جہاں ملک بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے نئے سال کی آمد کے حوالے سے رخ کیا ۔اس دوران مال روڈ پر تل دھرنے کی جگہ نہ رہی ۔لاہورمیں مینار پاکستان ،شالیمار باغ سمیت دیگر علاقوں میںلوگوں کا کافی رش رہا جبکہ متعدد شاہراہوں کے درمیان گاڑیاں روک کر گانوں اور ڈھول کی تھاپ پر نوجوان رقص کرتے رہے۔ون ویلنگ کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک جام ہو گئی ۔اسلام آباد میں نئے سال کی آمد پر خوشیاں منائی گئیں ۔لوگوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی جبکہ موبائل کے ذریعے تصاویر بھی بنائی جاتی رہیں ۔کراچی میں نوجوان 11بجتے ہی سڑکوں پر نکل آئے اور12بجنے کا انتظار کیا جبکہ 12بجے ہی جشن شروع ہو گیا ۔
کئی علاقوں میں زبردست آتش بازی اور ہوائی فائرنگ کی گئی ۔کوئٹہ میں شدید سردی کی وجہ سے نئے سال کی آمد پر زیادہ تر لوگ سوپ اور گرم مشروبا ت کی دکانوں پر نظر آئے ۔ لاہور میں سب سے زیادہ ویلرسڑکوں پر نکلے جنہوں نے بھر پور طریقے سے نئے سال کا جشن منایا اور موٹرسائیکلوں پر مختلف کرتب دکھا کر لوگوں کی توجہ حاصل کرتے رہے ۔دوسری جانب پولیس نے ون ویلنگ کرنے والے متعدد نوجوانوں کو حراست میں لیکر ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ۔پولیس اور منچلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی ۔ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری سڑکوں پر تعینات ر ہی ۔پولیس نے ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کرنے والے متعدد نوجوانوں کو حراست میں لے کر ان کی موٹرسائیکلیں بند کر دیں اور ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ۔بعض مقامات پر پولیس اہلکاروں او ر نوجوانوں کے درمیان آنکھ مچولی بھی جاری رہی ۔