وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے پر یو اے ای پہنچ گئے


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچ گئے۔متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکام اور پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔

دورے میں وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے۔دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال ہوگا۔دبئی میں وزیر خارجہ مادام تسا میں پہلی پاکستانی شخصیت محترمہ بے نظیر بھٹو کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

وزیر خارجہ کا دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے مضبوط روابط ، تعلقات اور دوطرفہ تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔