وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت ہوائی اڈوں کے آپریشنز کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ اجلاس

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہوائی اڈوں کے آپریشنز کی آئوٹ سورسنگ سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے تازہ ترین پیشرفت سے آگاہ کیا۔وزارت خزانہ ڈویژن کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ،

سیکرٹری ایوی ایشن، سی ای او پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی، ڈی جی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی، آئی ایف سی کی ٹیم اور دیگر سرکاری حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے دوران آئی ایف سی، ٹرانزیکشن ایڈوائزر نے اس معاملے کی تازہ ترین صورتحال اور پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں صنعت کے بہترین طریقوں کے مطابق خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے پہلے ہوائی اڈے کی آئوٹ سورسنگ کے عمل کو تیزی سے مکمل کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر پیرا میٹرز اور حل کیے جانے والے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔۔