چیئرمین سینیٹ سے بلوچستان کے سینئر وزیر اور سیکرٹری وزارت مواصلات کی الگ الگ ملاقاتیں

اسلام آباد (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے بلوچستان کے سینئر وزیر  منصوبہ بندی نور محمد دمڑ  اور  سیکرٹری وزارت مواصلاتنے پارلیمنٹ ہاؤس میں الگ الگ  ملاقاتیں  کیں۔ بلوچستان کی ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال اوراہل علاقہ کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے حوالے سے امور زیر بحث آئے۔چئیرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کیلئے حکومتی اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان موثر ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔سرمایہ کاری اورتجارت کو فروغ دینے اورمختلف شعبوں میں انٹرپرینیورشپ کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ملاقات میں سماجی بہبود کے پروگراموں کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے، پسماندہ کمیونٹیز کی بہتری، صحت کی سہولیات اور تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے حوالے اقدامات اٹھانے کی اہمیت  پر زور دیا گیا۔

چیئرمین این ایچ اے سے ملاقات میں ضلع چاغی میں دالبندین تا زیارت بلانوش سڑک کے منصوبے پر پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے ہدایت دی کہ آئندہ چند روز میں ٹینڈرنگ کا عمل مکمل کر نے کی ہدایت کی جب کہ حکام نے  منصوبے کے حوالے سے یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ 77  کلو میٹر سڑک پر کام کا آغاز اگست میں شروع ہو جائیگا اور ٹینڈرنگ کا عمل آئندہ چند روز میں مکمل کر لیا جائیگا۔ انہوں نے دالبندین زیارت بلانوش سڑک کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے چیئرمین سینیٹ کو دعوت دی۔   چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس سڑک کی تعمیر سے علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو فروغ ملے گا۔ یہ منصوبہ علاقے کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ منصوبے سے چاغی کے رہائشیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگا۔ سڑک کی تعمیر کے ساتھ عوام کو بہتر رسائی اور نقل و حمل کی سہولت میسر ہوگی۔ نقل و حمل کو بہتر بنانے کے لیے دالبندین تا زیارت بالانوش سڑک کی تعمیر اہم اقدام ہے۔