مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چوتھے یوم تاسیس کی تقربیات ملک بھر میں جاری

اسلام آباد(صباح نیوز)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے چوتھے یوم تاسیس کی تقربیات ملک بھر میں جاری ہیں ۔مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چوہدری کی صدارت میں مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب منعقد ہوئی ،تقریب میں یوم تاسیس کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اس موقع پرتاجر رہنما ضیا  احمد راجہ، ملک ظہیر احمد،راجہ حسن اختر،شیخ عبدالسلیم،یوسف راجپوت،ملک عبدالعزیز،شہباز قادری،عبید عباسی،راجہ رفاقت،عثمان خان جلالزئی،شیخ شبیر،مدثر فیاض چوھدری،نجیب عباسی،ملک شکیل،عتیق جنجوعہ،بابر چوھدری،راجہ خالد،آصف علی،حاجی اللہ رکھا،چوھدری جاوید،ملک عثمان، غلام علی انجم، عظیم الحسنات و دیگر تاجر قائدین موجود تھے۔

تقریب کے دوران تاجر نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ انڈسٹری پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس سیکٹر کے چلنے سے 70سے زائد انڈسٹریز اور مختلف کاروباروں کو روزگار ملتے ہیں اور کاروبار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں حکومت نے اس انڈسٹری کے حوالے سے بجٹ سے قبل تاجروں کے نمائندوں سے مشاور ت کی اور یہ فیصلہ ہوا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں خرید و فروخت پر ٹیکس نہیں بڑھایا جائیگا لیکن بجٹ سے قبل منی بجٹ کے ذریعے رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر فائلر کیلئے ٹیکس کو دوگنا اور نان فائلر کیلئے چھ فیصد سے ساڑھے دس فیصد کر دیا گیا ۔اسی طرح سے کرائے پر لگی پراپرٹی کیلئے انکم ٹیکس ریٹ کو بڑھا دیا گیا ، رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کار اور زرمبادلہ آتا ہے ، حکومت نے فارن انوسٹر کیلئے ایک لاکھ ڈالر کی چھوٹ دے رکھی تھی

جس کو ختم کر دیا گیا ہے ان اقدامات سے انڈسٹری بری طرح متاثر ہو گئی ہے جبکہ سیمنٹ ، سریا ، سینٹری ، بجلی سمیت دیگر انڈسٹریز بے حد متاثر اور لاکھوں مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں ۔لہذا ان ٹیکسز کو فوری واپس لیا جائے کیونکہ جتنی زیادہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں خرید و فروخت ہو گی حکومت کی آمد ن میں اضافہ ہوگا لیکن اگر ان ٹیکسز کو ختم نہ کیا گیا تو اس سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری رک جائیگی اور حکومت کو ریونیو کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ فیڈریش آف ریٹلرز پاکستان اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورتی عمل جاری ہے اور یہ تنظیمیں احتجاجی حکمت عملی بنا رہی ہیں جس کی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان بھرپور سپورٹ کریگی ۔