حکومت ملک میں کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارنے کہاہے کہ حکومت ملک میں کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کوپنجاب کے ایوان ہائے صنعت وتجارت کے صدورکے اجلاس سے اپنے ورچوئل خطاب میں کہی۔

اس موقع پرآل پاکستان ٹیکسٹائلز ملزایسوسی ایشن کے صدر گوہراعجازسمیت معروف کاروباری شخصیات بھی موجودتھے۔وزیراعلی پنجاب محسن نقوی اجلاس کے کنوینئر تھے جبکہ اس موقع پرپنجاب کابینہ کے اراکین بھی موجود تھے۔ وزیرخزانہ نے اقتصادی بحالی اوراحیا نو کیلئے حکومت کے پالیسی فیصلوں اوراقدامات پرروشنی ڈالی اورکہاکہ ملک میں کاروباراورسرمایہ کاری دوست ماحول کا قیام حکومت کے اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ پائیدارنمو اورمعاشی استحکام میں تاجراورکاروباری برادری کا کردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے۔

انہوں نے ملک کودرپیش حالیہ اقتصادی چیلنجوں کے تناظر میں کاروباری برادری کے کردارکوسراہا اورکہاکہ حالیہ وفاقی بجٹ میں تاجروں اورکاروباری برادری کی مختلف تجاویز کوشامل کیا گیا ہے۔ وزیرخزانہ نے تاجربرادری کومسائل کے حل کا یقین دلایا اورکہاکہ معاشی استحکام ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں،علاو ہ ازیں وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداسحاق ڈارسے پیرکویہاں اے ایف فرگوسن اینڈکو کے سینئرپارٹنرسلمان حسین نے ملاقات کی۔

اے ایف فرگوسن اینڈکو کے سینئرپارٹنر نے وزیرخزانہ کوملک میں بینکاری کے شعبہ کے حوالہ سے حالیہ اشاعت کی کاپی پیش کی۔وزیرخزانہ نے ملک میں چارٹرڈ اکائونٹینسی کے پیشہ اوردیگرخدمات کی فراہمی میں ملک کے کلیدی چارٹرڈ اکائونٹینسی فرم کی خدمات کوسراہا