اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں تربیتی ورکشاپس کا انعقاد


اسلا م آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے کیرئیر ڈویلپمنٹ آفس نے میڈیکل طلبا اور گریجویٹس کے لیے برطانیہ ،امریکا اور دیگر ترقی یافتہ ممالک  میں اعلی تعلیم اور کیریئر کے مختلف مواقع کے بارے میں آگاہی اور معلومات فراہم کرنے کے لیے  تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا۔

پیڈیاٹرک  اور نیو نیٹل سرجن/یورالوجسٹ ڈاکٹر خضر محمود نے “پیڈیاٹرک سرجری کا ماضی، حال اور مستقبل” کے موضع پر ایک معلوماتی لیکچر دیا اور خاص طور پر پیڈیاٹرکس اور سرجری کے شعبوں میں اعلی تعلیم اور ملازمتوں کے لیے بیرون ملک  جانے کے امکانات، چیلنجز، طریقہ کار، ضروریات اور بہترین طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔اس سے قبل ڈاکٹر شاہد لطیف، کنسلٹنٹ سائیکاٹرسٹ اور کلینیکل ڈائریکٹر ایڈلٹ اور فرانزک ڈائریکٹوریٹ نارتھ ہیمپشائر ہیلتھ کیئر این ایچ ایس فاؤنڈیشن ٹرسٹ، نے شرکا کو میڈیکل سے متعلقہ مواقع تلاش کرنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کے بارے میں رہنمائی کے ساتھ دستیاب تعلیم اور ملازمت کے مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

آئی ایم ڈی سی طلبا اور گریجویٹوں کی ایک بڑی تعداد نے ان ورکشاپس میں حصہ لیا  اور مفید معلومات سے استفادہ حاصل کیا۔آئی ایم ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر یاسر خان نیازی اور ہیڈ آف سی ڈی او پروفیسر ڈاکٹر ارم اقبال نے اظہار خیال کیا کہ آئی ایم ڈی سی کے طلبا کی ترقی کالج کی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور سی ڈی او بھی بہت جلد اپنی خصوصی ویب سائٹ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے تاکہ سابق طلبا کو نیٹ ورک فراہم کیا جا سکے۔ ہیڈ آف کمیونیکیشن عمران علی غوری نے اس موقع پربتایا  کہ آئی ایم ڈی سی انتظامیہ میڈیکل طلبا اور گریجویٹس کے کیرئیر کی تعمیر کے لیے وقتا فوقتا اس طرح کی مزید ورکشاپس کا اہتمام کرتی رہے گی