اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور اسپیکر وڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تربت میں خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔وزیراعظم نے شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا ہے ۔ وزیراعظم نے وزیر اعلی بلوچستان کو شہید پولیس اہلکار کے اہل خانہ کو شہدا پیکج دینے اور بچوں کی تعلیم کا بندوبست کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم شہدا کی وارث ہیں، ان کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے زخمی خاتون پولیس اہلکار سے ہمدردی کا اظہار اسے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیر اعظم نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسو کے خاتمے کے لیے پوری قوم متحد ہے، معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کا کوئی دین اور مذہب نہیں ہے، رخمی اہلکاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی پرامن سر زمین پر دہشتگرد عناصر کی کوئی گنجائش نہیں، سیکیورٹی اہلکار ہماری قوم کا فخر ہیں۔ دکھ اور غم کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ برابر کا شریک ہیں، دعا ہے کہ اللہ تعالی، زحمی اہلکار کو جلد صحتیابی عطا کرے اللہ تعالی شہید ہونے والے اہلکاروں کی مغفرت اور اگلی منزلیں آسان فرمائے۔