کھوئی رٹہ(صباح نیوز)حاجی الف دین گورنمنٹ ہائی اسکول کھوئی رٹہ کے سینئیر ترین طالب علم اور پاکستان کے ممتاز صحافی عارف الحق عارف نے اپنی اس مادر علمی میں جدید ترین تعمیراتی اور ٹیکنالوجی سے آراستہ ایک مثالی آڈیٹوریم اور لائبریری قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔اس مقصد کیلئے قدیم طلبہ اور وادی بناہ سے تعلق رکھنے اور اس اسکول سے محبت کرنے والے صاحبان علم کا ایک گروپ بھی تشکیل دیا ہے۔
اس منصوبے میں اسکول کے اساتذہ کی مشاورت بھی شامل ہے۔گروپ کا نام محبان ہائی اسکول کھوئی رٹہ رکھا گیا ہے۔اس منصوبہ کیلئے اب تک لاکھوں روپے کے اعلانات ہوچکے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے۔عطیات دینے والوں میں مجوزہ منصوبہ عارف الحق عارف امریکہ دس لاکھ، سابق وزیر اورموجودہ رکن اسمبلی دس لاکھ ڈاکٹر مقصود ابدالی برطانیہ پانچ لاکھ اور ڈاکٹر مسعود مرزا امریکہ ایک لاکھ شامل ہیں۔ اس میں اسکول کے طلبہ کے سابق طلبہ کے علاوہ طا س؛وادی بناہ کے مخیر حضرات نے بھی اس منصوبے میں تعاون کا وعدہ کیا ہے۔اس کے جدید ترین ڈیزائین کی تیاری کے لئے کوٹلی کے مشہور ماہر تعمیرات آرکیٹیکٹ نصیر بھائی کی خدمات حاصل کر گئی ہیں۔یہ آڈیٹوریم کثیرالمقاصد ہوگا۔
جو اس اسکول اور وادی بناہ کے طلبہ کی تعلیمی اور تربیتی ضروریات کے علاوہ مناسب معاوضے پر مقامی شہری آبادی کی سماجی، ثقافتی اور مذہبی تقریبات کیلئے بھی استعمال کیا جاسکے گا اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو اسکول اور طلبہ کی کی فلاح و بہبود اور مستحق طلبہ کو وظائف کے کام میں لایا جائے گا۔رکن اسمبلی اور سابق وزیر جناب رفیق نیر نے اس منصوبے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نجی اور حکومتی سطح پر تعاون کا یقین دلایا ہے۔ کھوئی رٹہ شہر کے نوجوان سماجی رہنما راجہ شاداب کھوئی رٹہ شہر سے مالی تعاون کیلئے مہم کے ذمہ دار ہوں گے۔برطانیہ میں راجہ طارق گلزار اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کام کریں گے۔اسکول کے پرنسپل نعیم اعجاز اور اساتذہ نے اس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔