جامعہ کشمیر جیسے قوم ساز اداروں کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے اجتماعی سطح پر کوششیں کی جائیں۔ ڈاکٹر محمد کلیم عباسی

مظفر آباد(صباح نیوز)یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے باشعورشہریوں، سول سوسائٹی کے ذمہ داران،تاجر برادری اور ذرائع ابلاغ کو دعوت دی ہے کہ وہ جامعہ کشمیر جیسے قوم ساز اداروں کو مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے اجتماعی سطح پر کوششیں کریں۔

جامعہ کشمیر کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے طلبا کی تعلیم کے فروغ اور مستحق طلبا کی بہبود کے لیے کام کرنے والی تنظیم گارڈین کی سالانہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گارڈین بے سہارا طلبا کی فلاح و بہبود اور مالی لحاظ سے کمزور طلبا کے لیے وظائف دینے کا کام کرتی ہے۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر کلیم عباسی نے کہا کہ ہم نے گزشتہ چند سالوں میں جامعہ کشمیر میں ادارہ جاتی اصلاحات متعارف کروا کر اور درکار بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنا کر اعلی تعلیم کا ادارہ بننے کے لیے ایک اہم پیش رفت کی ہے لیکن بدقسمتی سے بعض مفادپرست اور جامعہ سے ذاتی مفادات کی تکمیل کی توقع رکھنے والے عناصر بے بنیاد، من گھڑت اور بے سروپا الزامات لگا کر یونیورسٹی کو بدنام کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں اور ادارے کی اس انتظامیہ کی حوصلہ شکنی کررہے ہیں جس نے حالیہ سالوں میں جامعہ کو ایک مثالی ادارہ بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ اس تناظر میں سماجی طور پر باشعورشہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عظیم تر قومی مفاد میں منفی قوتوں کی حوصلہ شکنی کے لیے آگے آئیں اور ریاست میں اعلی تعلیم کے اس اولین ادارے کو آنے والی نسلوں کے لیے معیاری تعلیم و تحقیق کا گہوارہ بنانے میں مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کشمیر نے 40سال کے پرکھٹن سفر کے بعد جو ترقی حاصل کی ہے اس کو خاک میں ملانے کے لیے جو منفی کوششیں ہورہی ہیں ان کو ناکام بنانا ہر تعلیم دوست شہری کی ذمہ داری ہے اور اگر ہم نے اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کی تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔جامعہ کشمیر کی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ اس ادارے کی تعلیمی کارکردگی کا اعتراف نہ صرف آزادکشمیر بلکہ قومی سطح پر بھی کیا جارہا ہے جس کا ثبوت حالیہ دنوں میں صدرمملکت ڈاکٹر محمد عارف علوی کی جانب سے جامعہ کشمیر کو ایجوکیشن ایکسیلنس ایوارڈ سے نوازنہ ہے جبکہ آزادکشمیر کی سطح سرکاری شعبے میں قائم تمام جامعات میں جامعہ کشمیر مظفرآباد نمایاں انفرادیت رکھتی ہے۔

سٹوڈنٹس ویلفیئر آرگنائزیشن گارڈین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے تنظیم پر زور دیا کہ وہ اپنی موجودہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ طلبا کو جامعہ کشمیر کی طرف سے فراہم کیے جانے والے سکالرشپ مواقع کے بارے میں بھی آگاہی پیداکریں۔انہوں نے کہا کہ تنظیم کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا اور وہ خود اس کی سرپرستی کریں گے۔اس موقع پر یونیورسٹی آف آزادجموں وکشمیر کی اہم پیش رفت کو اجاگر کرنے والی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔تقریب سے ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر سید ندیم حیدر بخاری،سیکرٹری پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی اے جے کے برانچ محترمہ گلزار فاطمہ، ڈائریکٹر ایس او ایس ویلج، ممتاز تاجر و کونسلر مظفرآباد سٹی راشد اعوان، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئر ڈاکٹر امتیاز اعوان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے مہمانان اور طلبا کی بہبودکے لیے کام کرنے والے طلبا و طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کیں۔