طوفان بائپرجوائے کے پیش نظر ممبئی میں یلو ، کچ اور سوراشٹرا میں اورنج الرٹ جاری

ممبئی (صباح نیوز)طوفان بائپرجوائے کے پیش نظر ممبئی میں یلو جبکہ کچ اور سوراشٹرا میں اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا، پروازیں بھی منسوخ کرکے رن وے بند کردیا گیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان بائپرجوائے کے سبب بھارتی شہر ممبئی اور گجرات کے ساحل پر تیز ہوائیں اور بلند لہروں کے باعث الرٹ جاری کر دیا گیا۔

بھارتی محکمہ موسمیات نے طوفان بائپرجوائے کے سبب کچ اور سو راشٹرا کے لیے اورنج الرٹ اور ممبئی میں یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ممبئی میں طوفان کے زیر اثر تیز ہوائوں کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں اور رن وے بند کردیا گیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست گجرات میں طوفان بپرجوائے کے زیر اثر اضلاع میں 13 سے 15 جون تک 150 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہواں اور شدید بارشوں کا امکان ہے۔